۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
آغا حسن

حوزہ/ آغا حسن نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں جمعہ و جماعت اور دیگر اہم دینی سرگرمیوں پر مسلسل قدغن پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومتی کاروائی کو سراسر غیر جمہوری اور مداخلت فی الدین کی سیاہ مثال قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ضلع ہیڈ کوارٹر قصبہ بڈگام اور متصل علاقہ جات میں بجلی پانی وغیرہ جیسے بنیادی سہولیات کے زبردست فقدان سے عوام الناس کو گونا گو ں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ کی بے حسی اور عدم دلچسپی کے خلاف انجمن شرعی شیعیان کے سینکڑوں کارکنوں اور حامیوں نے تنظیم کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے علاقہ میں بجلی و پانی کی ابتر صورتحال آوارہ کتوں کی ہڑبونگ اور دیگر لازمی سہولیات کی فراہمی میں ضلع انتظامیہ کی عدم توجہی کے خلاف نعرہ بازی کی اور اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

اس موقع پر آغا حسن الموسوی نے کہا کہ ضلع بڈگام کے ساتھ ہمیشہ سوتیلاسلوک روا رکھا گیا ریاستی انتظامیہ نے ضلع کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے آج تک کئی کاغذی منصوبوں کا اعلان کیا لیکن عین موقع پر ان ترقیاتی منصوبوں کو کسی نہ کسی بہانے دیگر ضلعوں میں منتقل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قصبہ بڈگام ضلع ہیڈ کوارٹر ہونے کے ناطے جن لازمی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کا تقاضاکر رہا ہے ان منصوبوں اور ڈھانچوں کو ضلع ہیڈ کوارٹر کے بجاے ضلع کے دیگر مقامات پر قائم کیا جا رہا ہے ستم بالاے ستم یہ ہے کہ ضلع ہیڈ کوارٹر میں بجلی پانی وغیرہ جیسی اہم سہولیات کے حوالے سے حالات انتہائی ابتر ہے ضلع ہیڈ کوارٹر میں دیگر مقامت سے آوارہ کتوں کو لاکر چھوڑا جا رہا ہے ان کتوں کی ہڑ بونگ سے عوام الناس کافی پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں اور آج تک کئی افراد کو کاٹا جا چکا ہیں۔

اس موقع پر آغا حسن نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں جمعہ و جماعت اور دیگر اہم دینی سرگرمیوں پر مسلسل قدغن پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومتی کاروائی کو سراسر غیر جمہوری اور مداخلت فی الدین کی سیاہ مثال قرار دیا۔

دریں اثنا سہہ پورہ ماگام بڈگام سے ایک نمائندہ عوامی وفد نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی ماگام بھاری مقدار میں کوڑا کرکٹ لاکر سہہ پورہ میں ڈال رہی ہے جس سے سہہ پورہ کے عوام کو تکالیف کا سامنا ہے اس کوڑے کرکٹ سے ناقابل برداشت بدبو نکل رہی ہے جس سے لوگوں کی صحت کے ساتھ ساتھ زرعی زمین بھی متاثر ہو رہی ہے۔ آغا صاحب نے وفد کو یقین دلایا کہ سہہ پورہ کے عوام کی شکایات متعلقہ حکام کی نوٹس میں لائی جائے گی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .